سپریم کورٹ آج عمران‘ جہانگیر ترین کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرے گی
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ میں آج پیرسے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے چار بنچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں ۔ عدالت عظمیٰ کا بنچ نمبر ایک چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے ۔ بنچ نمبر 2جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس مقبول باقر اورجسٹس اعجازالاحسن جبکہ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس دوست محمد خان بنچ نمبر تین کے ممبران ہیں ، عدالت عظمی کاچوتھا بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اورسیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں دائر درخواستوں کی سماعت ہوگی۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیا ل اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بنچ سوموار کو پاکستان مسلم لیگ نے کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت دائر درخواستوںکی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس شیخ عظمت کی سربراہی میں عدالت عظمی کا بنچ منگل کو مارگلہ کی پہاڑیوںپر درختوں کی کٹائی اور سٹون کرشنگ کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا ۔