دینی تعلیم ہی دراصل اعلیٰ ترین تعلیم ہے، علماء ہماری رہنمائی کریں: پرویز خٹک
پشاور(این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک نے کہا ہے کہ دینی تعلیم ہی دراصل اعلیٰ ترین تعلیم ہے جو مسلمان کو دنیا و آخرت کی روشنی دینے کے ساتھ انسانیت کی معراج پر بھی پہنچاتی ہے۔ علماء سے درخواست ہے کہ وہ اسلام کے فلاحی اور عادلانہ نظام کو معاشرے میں لاگو کرنے کی کوششوں میں ہماری رہنمائی کریں۔ ہم دینی مدارس میں اصلاحات اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں ہرممکن تعاون کو تیار ہیں۔ علماء کو یہ بھی دعوت ہے کہ وہ عوامی مفاد اور اصلاح کی نیت سے ہم سے ضرور ملیں، حکومت میں موجود کمی یا خامی کی نشاندہی کریں اور انہیں دور کرنے کیلئے اخلاص سے مشورے دیں تو ان پر عمل میں دیر نہیں لگائی جائے گی ہم کرپشن سے پاک شفاف نظام حکومت کیلئے کوشاں ہیں۔ جہیز پر پابندی کا قانون لا رہے ہیں جس پر کام شروع کر دیا گیا اور اگلے مہینے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وہ نوشہرہ کے قریب دارالعلوم اسلامیہ اضاخیل میں فارغ التحصیل حفاظ کی دستار بندی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ پرویزخٹک نے کہا کہ علماء دراصل انبیاء کے حقیقی وارث ہیں خود ان کا بچپن علماء کی گود میں گزرا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ دعاگو ہیں کہ ہمیں منافقت کی سیاست اور حکومت سے محفوظ رکھے ہم اگر عوام کو ڈیلیور نہ کر سکیں اور ادارے مضبوط نہ بناسکیں تو حکومت کرنے اور عوام پر مسلط رہنے کی بجائے گھر جانا ہی بہتر سمجھتے ہیں۔