• news

انتظامیہ نے رمضان بازاروں کو فوکس کرلیا اتوار بازار پھر نظر انداز گراں فروشی اور ناقص اشیا کی فروخت

لاہور( خبر نگار) ضلعی انتظامیہ رمضان بازار وں کی تیاربوں میں مصروف ہے مگر اتوار بازاروں کی طرف دھیان دینے پر قطعی تیار نہیں ہے، اتوار بازاروں میں گرانفروشی ، گلے سڑے پھل اور سبزیوں کی فروخت گزشتہ روز بھی جاری رہی، انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے دکانوں پر شامیانہ نہ لگانے کی وجہ سے سخت دھوپ میں خریدار دکانوں سے پھل اور سبزیاں خریدنے پر مجبور نظر آئے۔ رمضان بازاروں کیلئے ٹھنڈا( ائر کنڈیشنڈ) ہال مارکی مہیا کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، اتوار بازاروں سے شامیانے میں غائب ہونے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔ خریداروں کی شکایات پر شنوائی نہیں ہو رہی، رمضان سے پہلے ہی سبزیوں کے نرخ بڑھنے لگے جبکہ پھلوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا۔سبزیوں میں آلو5روپے اضافے سے 28، ٹماٹر 5روپے اضافہ سے 23، لہسن برنائی20روپے اضافہ سے 160ادرک تھائی لینڈ 6روپے اضافہ سے 71بینگن 5روپے اضافہ سے 30، کھیرا فارمی سفید5روپے اضافہ سے 25، میتھی 15روپے اضافہ سے45، شلجم 10روپے اضافہ سے30سبز مرچ 5روپے اضافہ سے55 اروی 10روپے اضافہ سے 60، مٹر5روپے اضافہ سے 70، مولی 5روپے اضافہ سے 10، گاجر چائنہ3روپے اضافہ سے 18روپے کلو ہو گئی۔ جبکہ پیاز 3روپے کمی سے 22، پالک 3روپے کمی سے 12، لیموں انڈیا دیسی 20روپے کمی سے 150، گھیا کدو 20روپے کمی سے 30شملہ مرچ5روپے کمی سے 25روپے کلو ہو گئی ۔ بھنڈی کی قیمت 65روپے مقرر تھی مگر دستیاب نہیں تھی۔ دیسی کھیرا بھی بازار میں میسر نہیں تھا، پھلوں میں سیب سفید10روپے اضافہ سے 90، ناشپاتی چائنہ 10روپے اضافہ سے 150روپے کلو ہو گئے جبکہ سیب کالا کولو میدانی 5روپے کمی سے 90سیب ایرانی 10روپے کمی سے 150، اسٹابری 10روپے کمی سے 110روپے کلو ہو گئے۔ دیگر پھلوں کی قیمتیں بر قرار رہیں، البتہ آم کی آمد ہو گئی، آم سندھڑی 130، سہارنی 110اور دیسی 65روپے قیمت مقرر کی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن