پانامہ تحقیقات شروع جے آئی ٹی کا ایف آئی اے نجی ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پانامہ کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کام شروع کردیا۔ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی جے آئی ٹی سیکرٹریٹ قرار دیدیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی نے ایف آئی اے اور نجی ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم کے سربراہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔علاوہ ازیں پانامہ پیپرز لیکس معاملے کی تحقیقات کیلئے قائم چھ رکنی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا جس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء سمیت تمام ارکان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے ایس پی کی سربراہی میں ٹیم مامورکی گئی تھی ، اجلاس کے دوران جے آئی ٹی کے امورکی انجام دہی اورضابطہ کارکے حوالے سے غوروخوض کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق میڈیا کوریج کے لئے ایک ڈورن کیمرہ بھی عمارت میں داخل ہو گیا جس پر ممبران کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ اسے فورا باہر نکالا جائے یا گولی ماردی جائے بعدازاں ڈوران کے باہر نکل جانے پر معاملہ ختم کردیا گیا۔