• news

اومان سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری خواہشمند:تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں:نواز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+آن لائن + این این آئی) پاکستان اور اومان نے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو مختلف مواقع سے استفادہ کیلئے راستے تلاش کرنے کیلئے باقاعدہ رابطے کرنے چاہئیں جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے ہم مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین مزید رابطوں کو فروغ دینے کیلئے پرامید ہیں، پاکستان نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ تنازعات کے حل کیلئے ہمیشہ سفارتی ذرائع استعمال کئے ہیں، پاکستان پر فائرنگ افغانستان کی طرف سے کی گئی جس کا جواب دینا ضروری تھا۔ گذشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز اور اومان کے وزیر خارجہ یوسف علاوی کے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا پاکستان اور اومان منفرد جغرافیائی و اقتصادی مقام کے حامل ہیں اور اومان علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے حوالہ سے بہت سے باہمی دلچسپی کے اہم امور پر ہمارے خیالات ایک جیسے ہیں، ہم نے اتفاق کیا ہے دونوں ممالک کے مابین باقاعدہ سیاسی بات چیت ہونی چاہئے تاکہ مختلف معاملات پر اپنی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور اومان روایتی شراکت دار رہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی اداروں کی رکنیت کے حوالہ سے بھی انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا ملاقات میں پاکستان اور اومان کے مابین سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے نئے مواقع سے استفادہ کرنے کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو ان مواقع سے استفادہ کیلئے راستے تلاش کرنے کیلئے باقاعدہ رابطے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے حوالہ سے معاملات بھی زیر غور آئے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور اومان کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا ہم دونوں ممالک کے ارکان پارلیمان کے مابین مزید رابطوں کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر اومان کے وزیر خارجہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاک۔چین اقتصادی راہداری باہمی تعاون کے حوالہ سے اہم سنگ میل ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار اومان کے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو استعمال کرتے ہوئے دوسرے ممالک کیلئے برآمدات کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے پاس تیل و گیس کے شعبوں میں بالخصوص ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا تکنیکی تجزیہ کے بعد اومان تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے جس سے پاکستان کے عوام کی قسمت بدل سکتی ہے۔ آن لائن کے مطابق اومان نے پاکستان میں تیل و گیس کے شعبوں اور سی پیک منصوبوں کے اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاکستان نے کہا ہے پاکستان اور اومان باہمی تعاون کے ذریعے گوادر پورٹ کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اومانی وزیر خارجہ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اومان کے وزیر خارجہ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور مستقبل میں ان کو مزید ہموار کیا جائے گا۔ اومان وزیر خارجہ نے مزید کہا اومان اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مناسب رویہ رکھنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا خطے کے ممالک کے درمیان جو بھی مسائل ہیں ان کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ سرتاج عزیز نے کہا اومانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں تقافت، تجارت، سرمایہ کاری، دونوں ممالک کے لوگوں اور خطے میں رابطہ سازی کے حوالے بات چیت ہوئی ہے، دونوں ممالک کے ذریعے خطے کے درمیان روابطہ کو مزید وسیع کیا جا سکتا ہے، دونوں ممالک کے درمیاں تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک ہے جسے مزید بڑھایا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیاں فیری سروس شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے افغان سرحد کی حد کے حوالے سے مسئلے کو دونوں ممالک کے فورسز کے لوکل کمانڈر حل کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق اومان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا پاکستان اومان کے ساتھ قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے‘ دونوں ملکوں میں باقاعدگی سے مذاکرات سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا‘ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں‘ دونوں ملکوں میں فیری سروس سے رابطے مزید مضبوط ہوں گے‘ فیری سروس سے نہ صرف تجارت بلکہ عوامی رابطوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ نواز شریف نے کہا سلطان قابوس کی قیادت میں اومان ہر شعبے میں ترقی کررہا ہے۔ دونوں ملکوں میں باقاعدگی سے مذاکرات سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے اومان کی طرف سے بندرگاہوں میں باہمی رابطوں کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا بیرون ملک پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر اومان کے شکر گزار ہیں۔ اومان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ نواز شریف نے انفراسٹرکچر جدید بنا کر معاشی استحکام قائم کیا۔

ای پیپر-دی نیشن