ملک میں ہوا، پانی اور سورج سے لاکھوں میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے: رپورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں آبی ذرائع ، شمسی توانائی اور ہوا کی مدد سے سالانہ 33 لاکھ 40 ہزار میگاواٹ شفاف بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ متبادل توانائی کے ترقیاتی بورڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مختلف ذرائع سے سستی اور شفاف بجلی پیدا کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ رپورٹ کے ملک میں شمسی توانائی کی مدد سے سالانہ 2.9 ملین میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جبکہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی مقامی استعداد 3لاکھ 40ہزار میگاواٹ سالانہ اور آبی وسائل ایک لاکھ میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجلی کی موجودہ طلب 19ہزار میگاواٹ جبکہ پیداور 15ہزار میگاواٹ ہے اور مئی تا جولائی کے دوران طلب میں مزید اضافہ ہوجاتاہے ۔رپورٹ کے مطابق سال2025ء تک پاکستان میں بجلی کی طلب 49ہزار میگاواٹ تک بڑھنے کا امکان ہے بجلی کی طلب میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 67 فیصد آبادی کو بجلی کی سہولت حاصل ہے۔ عوام کو بجلی کی فراہمی اور طلب میں اضافہ کے پیش نظر پاکستان کو اپنی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 3.7 تا 5.5 فیصد کے مساوی توانائی کے شعبہ میںسرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار معاشی ترقی کی مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔