چمن بارڈر پر افغانستان سے حملہ امریکہ‘ بھارت کی سازش ہے: عبدالرحمان مکی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ چمن بارڈر پر پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانابھارت و امریکہ کی گہری سازش کا نتیجہ ہے۔ دہلی سرکار نے امریکی شہ پرافغان صدر اشرف غنی سے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ افغان سرحدی علاقوں سے پاکستانی فوج اور شہریوں پر حملے کر کے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مستقل جنگ کی صورتحال پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی مل کر افغانستان میں شکست کی سزا پاکستان کو دینا چاہتے ہیں۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے۔ بھارتی جرنیل اور سیاستدان بھی کشمیر کے بھارت کے ہاتھ سے نکلنے کی باتیں کرنے پر مجبور ہیں۔ میڈیکل کے شعبہ میں اسلامیت کو نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم میڈیکل مشن کے زیر اہتمام میڈیکل کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے وابستہ ڈاکٹرز، پروفیسرز، سرجنز اور میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرخیبر میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان،مسلم میڈیکل مشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین قریشی، پروفیسر ڈاکٹر منصور علی خاں،معروف نیوروسرجن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی ، پروفیسر ڈاکٹر انتخاب عالم، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خٹک، حافظ محمد مسعود، حافظ عبدالرئوف، ڈاکٹر ناصر ہمدانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ عبدالرحمن مکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی سائنسدانوں کی طرح ڈاکٹرز بھی میڈیکل سائنس کے شعبہ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم نے اپنی ترجیحات طے کرنا اور دنیا کو تبدیل شدہ نصاب اور نظام دینا ہے۔