پانامہ لیکس کا فیصلہ الیکشن کے قریب آنے پر ہی متوقع ہے: شاہ زین بگٹی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے بگٹی مہاجرین کی دوبارہ آباد کاری سے متعلق وعدے پورے نہیں کئے ہیں، پانامہ لیکس کا فیصلہ الیکشن کے قریب آنے پر ہی متوقع ہے، پاک افغان سرحدی علاقے چمن پر افغان فورسز کی جارحیت قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے یہ بات منگل کو بگٹی ہاؤس میں نیشنل پارٹی لائرز ونگ کے صدر حاجی محمد ابراہیم لہڑی کی اپنے ساتھیوں آصف اقبال لہڑی ایڈووکیٹ، فقیر محمد بڑیچ ایڈووکیٹ، عادل لہڑی ایڈووکیٹ ،آسیہ رضا ایڈووکیٹ اور سعدیہ جدون ایڈووکیٹ کی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر جے ڈبلیو پی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ شاہوانی ،صالح آغا بھی موجود تھے۔ نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا کہ آئندہ ایک دو روز میں میں نصیرآباد اور سبی کا دورہ کروں گا وہاں پر کئی سابق ایم پی ایز اور قبائلی شخصیات جمہوری وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران کی روایت ہے کہ جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا نہیں کرتے بگٹی مہاجرین جو اس وقت بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں رہائش پذیر ہیں انکو واپس لانے کا وعدہ تاحال پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آنے پر ہم یہ فیصلہ کریں گے کہ انتخابات میں کس سیاسی جماعت سے اتحاد کرنا ہے ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ان لوگوں کیلئے ہے جنہوں نے کرپشن کی اور اب چھپ رہے ہیں نہ میں نے کبھی کرپشن کی ہے اور نہ ہی میںجے آئی ٹی سے ڈرتا ہوں جن سیاستدانوں نے کرپشن کی ہے وہی اس سے ڈریں۔