دہشت گردوں کو فنڈز کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ منشیات ہے: جسٹس دوست محمد
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں سات سال سے زائد کی سزا پانے والے پولیس کے اے ایس آئی ظہیر عباس کی بریت کی اپیل مسترد کر دی۔ جبکہ دوران سماعت جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ دہشتگردوں کو فنڈز کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ منشیات ہے، یونیسف کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پیدا ہونے والی منشیات کا 22فیصد حصہ افغانستان میں پیدا ہوتا ہے، طالبان کے دور حکومت میں افغانستان میں پوست کی کاشت بالکل ختم ہوگئی تھی لیکن معلوم نہیں افغانستان میں موجود عالمی طاقتیں وسائل کے باوجود پوست کی کاشت کو تلف کیوں نہیں کرتیں، عجیب صورتحال ہے کہ نیٹو فورسز کے پاس گن شپ ہیلی کاپٹر اور دیگر جہاز موجود ہیں پوست کو سپرے کرکے ختم کیا جاسکتاہے، معلوم نہیں کیوں نہیں ایسا کیا جاتا۔ منگل کو کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔