احسان اللہ احسان کیخلاف ملٹری کور ٹ میں مقدمہ چلانے کیلئے رٹ دائر
پشاور(بیورورپورٹ) تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی ممکنہ معافی رکوانے اوراس کے خلاف ملٹری کورٹس میں آرمی پبلک سکول کامقدمہ چلانے کیلئے پشاورہائی کورٹ میں رٹ دائرکردی گئی ہے رٹ پٹیشن سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہید طالبعلم صاحبزادہ عمرخان کے والد فضل خان ایڈوکیٹ نے بیرسٹرعامراللہ چمکنی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔ انہوں نے رٹ میں موقف اختیار کیاہے کہ واقعہ کے اگلے روز تحریک طالبان پاکستان نے اپنے ترجمان احسان اللہ احسان کے ذریعے انتہائی جراتمندانہ طریقے سے یہ دعوی کیاکہ بچوں کاخون بہا انہوں نے کیاہے اوروہ مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدامات جاری رکھیں گے۔اب احسان اللہ احسان کو معافی دینے کی اطلاعات سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں لہٰذااحسان اللہ احسان کو معاف کرنے سے روکا جائے اوراس کے خلاف آرمی پبلک سکول کامقدمہ ملٹری کورٹ میں چلایاجائے اورحقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔