خان خود سونامی کی زد میں ہے‘ الیکشن ہاریں گے: فضل الرحمن
سکھر(آن لائن)جمعیت علماءاسلام کے مرکزی امیر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امن پوری دنیا کیلئے ناگزیر ہے اس کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں ہم نے صرف مسلمانوں کی نہیں تمام انسانیت کی فلاح و بہبود کی بات کی ہے ناموس رسالت اور اقلیتوں کے حقوق کو ایک دوسرے کی ضد بنا کر پیش کرنا سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی میڈیا سیل کے رکن سید آغا ایوب شاہ ، علامہ راشد محمود سومرو ، مولانا عبدالحق مہر اور دیگر عہدے داروں سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم فخر سے کہتے ہیں کہ ہم نے مغرب کا ایجنڈا ناکام بنا دیا ہے، اب سونامی خان خود اپنی سونامی کی زد میں آگیا ہے، آئندہ الیکشن میں اسکی سیاست کے طابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔مولانا فضل الرحمن نے افغانستان اور ایران کے حالیہ واقعات اور بیانات کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے اور امت مسلمہ کے مشکلات کے پیش نظر کشیدگی ختم اور مسائل مذکرات کے زریعے حل کئے جائیں انہوں نے سابق افغان مجاہد رہنما گلبدن حکمت یار کی جانب سے پر امن سیاست شروع کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ملا منصور کی طرح ان کو بھی نشانہ بنایا جائیگا، اسلئے ان کو محتاط رہنا ہوگا ۔