مجرم قانون سے نہیں بچ سکتا ہر قیمت پر انصاف ہو گا :شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر+نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہبازشریف 13سالہ مضروب لڑکے عرفان کے گھر ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں مچھر والی گئے۔ وزیراعلیٰ نے عرفان، اس کے والدین اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور مضروب لڑکے و دیگر اہل خانہ سے واقعہ کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں شریک ہونے کیلئے خود یہاں آیا ہوں اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے شاندار ریکارڈ کے حامل ایماندار افسروں کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے، مکمل غیر جانبداری کے ساتھ واقعہ کی انتہائی شفاف انکوائری ہوگی اور قصوروار پائے جانیوالوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہارکیااور کہا کہ زیادتی کرنے والا کوئی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ ہاتھ کاٹنے والے ظالم کو قانون کے شکنجے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ 13سالہ عرفان کو مصنوعی ہاتھ لگوا کردیا جائے گا اورآپ کے ساتھ ہر قیمت پر انصاف ہوگا۔ متاثرہ خاندان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی اور متاثرہ خاندان کو مفت طبی سہولتیں مہیاکی جائیں گی۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم اورآر پی او سرگودھا کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ میں ذاتی طورپر تحقیقات کی نگرانی کروںگا۔ انشاء اللہ اس واقعہ میں انصاف ہوگا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کی کسی طاقت کو انصاف کی راہ میں حائل نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ عرفان کی والدہ 7تاریخ کو تھانے پہنچی تو پرچہ 8تاریخ کو کیوں ہوا۔ پولیس افسروں کو اس سوال کا جواب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ لڑکے اوراس کے والد سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا چیک دیا۔ شہباز شریف نے عرفان کے بیمار دادا کے مفت علاج معالجے کا اعلان کیا۔ بیمار دادا کو گلے لگایا اور انہیں دلاسہ دیا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں راوی پل سے کالاشاہ کاکو تک ایکسپریس وے کے منصوبے کو شروع کرنے کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ 6 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ عوام کوحقیقی معنوں میںسہولت دے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات ملے گی۔ وزیراعلی نے متعلقہ محکموں اور اداروں کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی آئندہ چند روز میں منصوبے پر عملد رآمد کے حوالے سے اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ قبل ازیں شہباز شریف سے ڈی جی فرنیئر ورکس آرگنائزیشن لیفٹننٹ جنرل محمد ا فضل سے ملاقات جس میں ایف ڈبلیو کے تعاون سے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس سے صوبے میں 1200 میگااٹ کے نئے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیاگیا۔ چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ بلاسود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام زرعی شعبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔