ای او بی آئی فنڈز میں گڑبڑ نظر آئی تو معاملہ نیب کو بھیج دینگے: جسٹس عظمت سعید
اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی پنشنرز کیس کی آئندہ سماعت پر وفاقی سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مزید سماعت 7جون تک ملتوی کردی ہے۔ ای او بی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو عدالتی فیصلے پر اعتراض تھا تو نظرثانی اپیل کیوں نہیں کی، انہوں نے استفسار کیاکہ کیا بیوروکریٹ کی تعیناتی میں لکھا ہوتا ہے کہ عدالت سے سچ نہیں بولنا، حکومتی وکیل کہتے ہیں ہمیں معلوم نہیں دستاویزات پڑھ لیں۔ عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کیوں نہ توہین عدالت نوٹس جاری کیا جائے۔ وکیل ای او بی آئی نے کہا تھا وفاقی حکومت فنڈز فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کررہی، 28اپریل 2015 کو 3ارب 35 کروڑ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک نہیں دیئے گئے، جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ ای اوبی آئی فنڈز میں گڑبڑ نظرآئی تو معاملہ نیب کو بھیج دیں گے اور ضرورت محسوس ہوئی تو تھرڈ پارٹی سے آڈٹ بھی کرا سکتے ہیں۔