• news

نیب ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کے میٹریل پر سمجھوتہ نہیں ہو گا: قمر زمان

اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو) نیب( کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ہیـڈکوارٹر کی زیر تعمیر عمارت کے کام کی تکمیل اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا بقیہ کام کے ٹھیکے سرکاری قانون کے مطابق شفافیت سے مکمل کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیـڈکوارٹر کی سیکٹر جی فائیو ون اسلام آباد میں زیر تعمیر عمارت کے دورہ کے موقع پر کیا۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر (این) پاک پی ڈبلیو ڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کے گزشتہ دورہ کے موقع پر ہدایت کی روشنی میں کام کی رفتار میں تیزی لائی گئی ہے، گرینائیٹ، بیرونی گلاس اور فرش پر ٹائلوں کی فکسنگ اور بجلی کی تنصیب کا کام مکمل کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے، عمارت کے بیرونی حصہ میں کام کے ساتھ ساتھ اندرونی حصوں میں فالز سیلنگ، پی وی سی پینلنگ سمیت دیگر کام مکمل ہونے کے قریب ہے، جنریٹرز، لفٹس،ایچ وی اے سی سسٹم سمیت مشینری کا انتظام ہوگیا ہے جو جلد تعمیراتی مقام تک پہنچ جائے گی۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ عمارت کے اندر ،باہر،بجلی کی تنصیب ،لفٹس کی خریداری،پبلک ہیلتھ سمیت دیگر کام پیپرا رولز کے مطابق معیاری اور شیڈول کے مطابق مکمل ہونا چاہئے۔ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی، کنسلٹنٹ اور ٹھیکیدارکو ہدایت کی کہ بقیہ کام شیڈول کے مطابق مکمل ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن