قصور، سانگلہ ہل : گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 خواتین نے خودکشی کرلی
لاہور (نامہ نگاروں سے) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 خواتین نے خودکشی کرلی، طالبہ نے کالج میں گولیاں کھا کر موت کو گلے لگانے کی کوشش کی ہے۔ سانگلاہل سے نمائندہ نوائے وقتکے مطابق نہر میں لڑکی کی تیرتی ہوئی نعش دیکھ کر راہگیروں نے ریسکیو1122کو اطلاع دی ،جنہوں نے نعش نکال کر ہسپتال منتقل کر دی، لڑکی کے والد منور حسین نے سٹی پولیس کو بتایا کہ فضیلت بی بی کی12سال پہلے اپنے ہی گائوں جلال پور بھٹیاں میں شاہد غفاری سے شادی ہوئی تھی،ان کی کوئی اولاد نہ تھی،6ماہ پہلے اپنے خاوند سے ناراض ہو کر میرے گھر چلی آئی۔ 2روز پہلے وہ اپنی پھوپھی سے ملنے سکھیکی گئی مگر اس کے گھر نہ پہنچی، فضیلت کا کبھی کبھار ذہنی توازن بگڑ جاتا تھا، اسی وجہ سے اس نے نہر میں کود کر خود کشی کر لی۔ دو خواتین نے زہریلی گولیاں کھاکر موت کو گلے لگا لیا۔ پہلاواقعہ پھولنگر کے نواحی ارجن سنگھ والا میں ہوا۔ جس میں اقراء بی بی نے گھریلو ناچاقی پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں اور دم توڑ گئی۔ اسی طرح کھڈیاں کے نواحی موضع موتا سنگھ میں جواں سالہ عالیہ بی بی نے بھی گھریلو تنازعہ پر زہریلی دوائی پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق انیس سالہ طالبہ نے امتحانی پرچے کے دوران کلاس روم میں زہریلی گولیاں نگل لیں، گکھڑ کے محمد معظم کی بیس سالہ بیٹی(ع) بی بی پڑھائی کے سلسلہ میں ڈھلانوالی میں اپنی خالہ کے پاس رہ رہی ہے گذشتہ روز (ع) بی بی نجی کالج میں امتحان دینے کیلئے گئی اور وہاں پر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں جسے کالج انتظامیہ نے حالت بگڑنے پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گوجرانوالہ ریفرکردیا گیا ہے جہاں اسکی حالت نازک بیان کی جاتی ہے کالج انتظامیہ کے مطابق خودکشی کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔