ریلوے ڈویژن ملتان: 24 گھنٹوں میں 44 مال بردار ٹرینوں کے گزرنے کا نیا ریکارڈ بن گیا
ملتان (نمائندہ خصوصی) ریلوے ملتان ڈویژن میں 24 گھنٹے کے دوران 44 مال بردار ٹرینوں کے گزرنے کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریلوے ملتان ڈویژن کے کنٹرول آفس نے اپ سائیڈ سے 19 مال گاڑیوں کو وصول کر کے دوسرے ڈویژن میں داخل کیا جبکہ ڈاؤن سائیڈ سے 25 مال گاڑیوں کو وصول کر کے دوسرے ڈویژن کے حوالے کیا۔ مجموعی طور پر 44 مال بردار ٹرینیں ملتان ڈویژن سے کراس ہو کر دوسرے ڈویژنوں میں داخل ہوئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2008ء سے قبل 35 سے 40 مال بردار گاڑیاں 24 گھنٹے میں ملتان ڈویژن سے گزرتی تھیں۔ چند روز 24 گھنٹے کے دوران 42 مال بردار ٹرینیں ملتان ڈویژن سے گزری تھیں جو اب بڑھ کر 44 ہو گئی ہیں۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر سنٹرل کنٹرول نے ریکارڈ تعداد میں ملتان ڈویژن میں مال بردار ٹرینوں کو وصول کر کے دوسرے ڈویژنوں کے حوالے کرنے پر ڈویژنل چیف کنٹرولر اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا ہے۔