• news

لاہور میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ10 گھنٹے‘ ساہیوال کول پاور پلانٹ سے آزمائشی پیداوار شروع

کراچی +اسلام آباد+گوجرانوالہ+ملکوال +کسیسے( نیوز رپورٹر+اپنے نامہ نگار سے +نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران) لیسکو کی جانب سے طے شدہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوراینے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں تعمیر و مرمت کا سہارا لیکر 10گھنٹے تک بجلی بند کی جانے لگی۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ 6گھنٹے کرنے کی بجائے 10گھنٹے کی جا رہی ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکا ر ہیں۔ لیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول 6گھنٹے کا ہے۔ کا درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا، گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا، محکمہ موسمیات نے بھی موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کردی۔ لاہور میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کا لگا تڑکا، بڑھتی گرمی اور جاتی بجلی نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42، کم سے کم 27 ڈگری رہے گاجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم یونہی گرم اور خشک رہے گا۔، وزارت پانی بجلی نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنے والی کمپنیوں کے لئے مانیٹرنگ ڈیسک قائم کر دیا ہے، جو24گھنٹے کی رپورٹ سیکرٹری پانی و بجلی کو بھجوائی جاتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اور رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے دائر درخواست پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے وضاحت طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھائیس مئی کو وضاحت طلب کر لی۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بیان میں کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ نے بجلی پیداوار شروع کر دی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتے ہیں ذرائع وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ آزمائشی پیداوار دے رہا ہے ساہیوال کول پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت1320میگا واٹ ہے۔وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار 390میگاواٹ ہے۔ شہروں میں چھ اور دیہات میں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ وزات پانی و بجلی کے مطابق پن بجلی ذرائع سے چار ہزار 520جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے دو ہزار 870میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار نو ہزار 100 میگاواٹ تک ہے۔کسیسے سے نامہ نگار کے مطابق کسیسے اور گردو نواح کے درجنوں دیہات کی تین روز گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی۔ گوجرانوالہ اور گردو نواح میں اعلانیہ ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، دیہی علاقوں میں مسلسل تین ، تین، شہری فیڈروں اور دو گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ملک وال سے نامہ نگارکے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیپکو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو بڑھا کر 12سے 14 گھنٹے کرکے عوام کے کڑاکے نکال دئیے۔ کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ میں ہونے والی فنی خرابی دور نہ کی جاسکی ۔کراچی میں زیادہ سے زیادہ ساڑھے سات گھنٹے لوڈشیڈنگ کا دعویٰ ہوا ہوگیا، تین روز بعد بھی بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی دورنہ کی جاسکی، پلانٹ کے بوائلر ٹیوب میں ہونے والی خرابی کی درستگی میں مزید دو سے تین دن لگنے کا خدشہ ہے، صورتحال کے باعث شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ ملک میں بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی اور گردو نواح میں تیز آندھی آئی۔ شہداد کوٹ گردو نواح میں بارش لاژہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بہاولپور اور گردو نواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔زیارت میں ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ ڈاکیاں موسیٰ خیل میں ژالہ باری سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا ندی نالوں میں طغیانی سے 300 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن