• news

مستونگ واقعہ دہشت گردی کی منظم واردات، مذمت کرتے ہیں: طاہر القادری

لاہور( خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کوئٹہ مستونگ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدت کا اندازہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے ہو رہا ہے ۔واقعہ دہشت گردی کی منظم واردات ہے اور ثابت ہو رہا ہے کہ دہشت گرد آج بھی آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں۔ انکے صفایا کے دعوے محض خبروں کی حد تک ہیں، عملاً آج بھی دہشت گرد اور انکے ہمدرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے، عوام جاننا چاہتے ہیں کب تک دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کے نام پر قوم کو دھوکا دیا جاتا رہیگا، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ وزیراعظم بتائیں انہوں نے گزشتہ 90 روز میں کتنی بار قومی ایکشن پلان کا اپنی زبان سے ذکر کیا یا کوئی اجلاس بلا کر عملدرآمد کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا ؟ انہوں نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمشن کوئٹہ سانحہ سول ہسپتال پر بنا تھا ور اور اس رپورٹ میں براہ راست صوبائی اور وفاقی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کچھ سفارشات پیش کیں تھیں مگر آج کے دن تک جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمشن کی رپورٹ پر عمل کرنا تو درکنار الٹا کابینہ میں بیٹھے ملزم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے مذاق اڑایا اور دھمکیاں دیں۔

ای پیپر-دی نیشن