• news

پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا کی 10 معیشتوں میں شامل ہے:کینیڈا

اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ سال کے دوران پاکستان اور کینیڈا کی باہمی تجارت 1.44 ارب ڈالر رہی تھی جس میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا کی دس بڑی معشیتوں میں شامل ہے ۔ کینیڈا کے بین الاقوامی تجارت کے وزیر فرانکوز فلپ نے کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ کاروباری سہولیات کے حوالے سے 2017ء کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا کی 10معیشتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی کامیاب اور دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کے باعث اقتصادی شعبہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ کینیڈین وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب رہی ہے جس میں اضافہ کے وسیع امکان موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کینیڈا کی حکومت دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے لئے پرعزم ہے۔ کینیڈا کے وزیر نے مزید کہاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی رابطوں اور تجارت میں اضافہ سے پاکستان اور کینیڈا کے شہریوں کی سہولیات میں مزید اضافہ کویقینی بنایاجاسکتاہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن