• news

نان فائلرز کو رعایت ملے گی نہ ودہولڈنگ ٹیکس ختم ہو گا: چیئرمین ایف بی آر

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر محمد ارشاد نے ٹیکس نادہندگان کو وارننگ دے دی ہے اور واضح کیا ہے کہ نان فائلرز کو کوئی رعایت نہیں ملے گی نان فائلرز پر بنک ودہولڈنگ ٹیکس ختم نہیں ہو گا، کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتے لیکن سب کو ٹیکس دینا ہو گا، ٹیکس ادا کرنے والے کو ہر رعایت اور سہولت دیں گے، زیادہ تر مسائل غلط فہمیوں کی وجہ سے پیدا ہوئے لہذا تاجروں سے مستقل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو، ایف بی آر اور تاجر پارٹنرز ہیں، کاروباری شعبے کی ترقی محکمہ کے مفاد میں ہے کیونکہ اس سے محاصل بڑھیں گے، فیکٹریوں پر اعلی حکام کی اجازت کے بغیر ایف بی آر اہلکار چھاپہ نہیں ماریں گے، کاروباری مقامات کی اچانک انسپکشن نہیں کی جائے گی بلکہ پہلے مطلع کرکے دوستانہ ماحول میں کام کیا جائے گا، کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ تاجروں کو تنگ کرے کیونکہ یہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سابق عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ میاں محمد اشرف، شاہد حسن شیخ، عرفان قیصر شیخ، ملک طاہر جاوید، آفتاب احمد وہرہ، شفقت سعید پراچہ، کاشف انور اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ جب سے حکومت برسراقتدار آئی ہے ہر سال ٹیکس ریٹ میں ایک فیصد کمی کی جارہی ہے، فائلرز کی تعداد بھی سات لاکھ سے بڑھ کر چودہ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ری فنڈ کا مسئلہ جلد حل کر لیں گیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیکس فائلرز کی کم ہوتی تعداد اور بڑھتا ریونیو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر ہی اضافی بوجھ ڈالاجارہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں انڈسٹری کا حصہ 76فیصد کے قریب ہے جو بہت زیادہ ہے، اس کی وجہ سے صنعتوں میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت کم اور برآمدات گررہی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ صوبائی طور پر نافذ ہونے والے تمام ٹیکسوں کی وصولی کا اختیار ایک ہی اتھارٹی کو دیں، وفاق بھی ایک نیشنل ریونیو اتھارٹی بناکر تمام ٹیکس سال میں ایک مرتبہ اکٹھے کرے تو تاجروں کو مختلف اداروں کے اہلکاروں سے نجات مل جائے گی۔ دریں اثنا چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا کہ ایف بی آر کے افسروں کو اپنا حق مانگنے سے قبل اپنے فرائض پورے کرنے ہونگے سینئر افسران قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بجٹ اہداف پورے کریں ایف بی آر کے افسران ریونیو ٹارگٹ پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت کارپوریٹ آفس میں سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن