اسلام آباد: ایم کیو ایم کا مفرور ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار‘ پلاٹوں پر قبضہ کرکے رقم لندن بھجوانے کا انکشاف
اسلام آباد(اے این این) شہر اقتدار میں ایم کیو ایم لندن کا ہائوسنگ سوسائٹی کے پردے میں غیرقانونی دھندہ پکڑا گیا۔ سکیورٹی اداروں کی کارروائی میں کراچی سے مفرور ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران پراپرٹی بزنس کا پیسہ ایم کیو ایم لندن کو بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ہاسنگ سوسائٹی کے دفتر میں 24 گھنٹے طویل آپریشن کیا۔ حکام نے آپریشن کے دوران سوسائٹی کے دفتر سے جدید اسلحہ برآمد کیا ہے۔ زاہد ملک نامی ملزم سمیت کراچی سے بھاگے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن متاثرہ بیوہ خاتون کی درخواست پر کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق ٹاپ سٹی ہاسنگ سوسائٹی کے معیز نامی شخص نے اسے اور اس کے اہلخانہ کو ڈرا دھمکا کر تمام جائیداد ہتھیالی ہے۔ سوسائٹی میں کراچی کے مفروروں کو پناہ دی جاتی ہے اور سارا پیسہ ایم کیو ایم لندن کو بھیجا جاتا ہے۔