پولیس افسر کیساتھ جاگیردار کی بدسلوکی: چیف جسٹس کا آئی جی کی رپورٹ پر عدم اطمینان
اسلام آباد(صباح نیوز) ضلع عمر کوٹ میں جاگیردار کی جانب سے پولیس افسر کی تذلیل کرنے اور ملزمان چھڑوانے پر لئے گئے ازخود نوٹس کیس میں آئی جی سندھ پولیس نے تحریری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی کی رپورٹ پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے از خود نوٹس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ کل 15 مئی کو سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس نے میڈیا رپورٹس پر 5 مئی کو از خود نوٹس لیا اور آئی جی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ مقامی وڈیرے زید تالپور نے عمر کوٹ کے کنری پولیس سٹیشن میں ایس ایچ او کی کے ساتھ نا زیبا سلوک کیا تھا۔ وڈیرے نے ایس ایچ اوکی سیٹ پر بیٹھ کر اسے زمین پر بیٹھنے پر مجبورکیا تھا۔آئی جی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ملزم زید تالپور نے ضمانت کرا رکھی ہے جب کہ اس بیٹا گرفتار ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔