پاکستان، افغانستان میں 60فیصد ادویات کی ضرورت پوری کریگا
اسلام آباد/تہران (آئی این پی) اقتصادی تعاون تنظیم کے ڈرگ اتھارٹیزحکام نے ادویات سازی کی نئی حکمت عملی منظور کرلی ، تنظیم نے سفارش کی ہے کہ پاکستان افغانستان کی ادویات کی60فیصدضرورت پورے کرے گا،پاکستان سمیت رکن ممالک ادویات درآمدوبرآمدمیں ایک دوسرے کوترجیح دیں گے ، ادویات کے مضر اثرات،مانیٹرنگ اورادویات کے نئے فارمولوں کا آپس میں تبادلہ کیا جائے گا، رکن ممالک محفوظ،معیاری ومؤثر ادویات کی تیاری میں باہمی تعاون کریں گے ، پاکستان اورایران میں ادویات کی بڑی نمائشیں منعقد کی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 10ممالک کی اقتصادی تعاون تنظیم کے ڈرگ اتھارٹیزحکام کے تہران میں ہونیوالے اجلاس میں ادویات سازی کی نئی حکمت عملی منظور کر لی گئی۔ پاکستان، ایران، افغانستان، کرغزستان، ازبکستان میں ادویات کے کاروبار کو وسعت دی جائیگی۔ پاکستان اور ایران میں ادویات کی بڑی نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔ اتھارٹیز سربراہان کا 6 ماہ بعد اجلاس ہوگا۔