آئندہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو پولنگ سٹیشنوں پر قبضہ کرلیںگے:زرداری
پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے خیبر پی کے کو چائنہ اقتصادی راہداری دی مگر نواز شریف اسلام آباد لے گئے، خیبر پی کے کو پیپلز پارٹی نے پہچان اور این ایف سی ایوارڈز دیئے ہیں،انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی سوچ پاکستانی نہیں امریکی ہے۔ پشتونوں سے پوچھا جا رہا ہے کہ پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں کیوں گھوم رہے ہوں خیبر پی کے شناختی کارڈ بلاک کرنے سے وفاقی حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے، کراچی پشتونوں کا سب سے بڑا شہر ہے، فاٹا کو خیبر پی کے کا حصہ پیپلز پارٹی بنائیگی، عمران خان اپنے آپ کو خان کہتے ہے مگر خان نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پشاور میں سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں مخالفین کہتے تھے کہ 6 ماہ میں بجلی بحران ختم نہیں کیا تو نام بدل دینا، لیکن چار سال مکمل ہونے کے بعد بھی نہ تو ملک سے بجلی بحران ختم ہوسکا اور نہ ہی انہوں نے اپنا نام تبدیل کیا ، اب عوام بتائیں کہ انکا کیا نام رکھنا چاہئے۔ موجودہ حکومت عوام پر قرضوں کا مزید بوجھ ڈال رہی ہے ،قرضے پے قرضے لئے جارہے ہیں، نوازشریف نے ملک میں مغل بادشاہت بنائی ہے، وہ سمجھتے ہے کہ ہمیشہ اقتدار میں رہونگا لیکن یہ انکی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں انتخابی مہم کا موقع نہیں ملا، آب آئندہ انتخابات میں انتخابی مہم خود چلائونگا، انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کیلئے بھر پور تیاریاں کریں، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی، آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے۔ اگر حکومت نے دھاندلی کی تو پولنگ سٹیشنوں پر قبضہ کرینگے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات اور دوستی کرنی چاہئے۔ پیپلز پارٹی ملک کو مزید جنگ کی طرف نہیں جانے دیںگی، ہمیں جنگ کے نقصانات کا پتہ ہے ہم کمزور نہیں ہے ،دشمن کی انکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہے مگر جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ ہم مذاکرات پر یقین رکھنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بات نہیں کرتا اگر کرتا ہو تو پھر اس کو پورا بھی کرتا ہوں فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم ہم کرینگے خیبر پی کے میںآگ لگی ہے کم عقل دوست نہیں د یکھ سکتے۔ پشتونوں سے انکی شناخت ختم کرنے کی کوشش کی ہے انکے لاکھوں شناختی کارڈز بلاک کردئیے۔ وفاقی حکومت فیڈریشن کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اربا ب عالمگیر، عاصمہ عالمگیر، پی پی پی کے صوبائی صدر انجینئر ہمایون خان، فیصل کریم کنڈی، سابق گورنر بریسٹر مسعود کوثر،سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری،کرامت اللہ چغرمٹی، فرخت اللہ بابر بھی موجود تھے ۔