حکمرانوں نے کرپشن خوری لوڈشیڈنگ کا تحفہ قائد اعظم زندہ ہوتے تو وزیراعظم کواڈیالہ بھجتے :سراج الحق
گجرات ( نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے، گجرات کرپشن کرنے والوں کے ساتھ نہیں دیانت والوں کے ساتھ ہے، گجرات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون ہے، نریندر مودی کا استقبال کرتے اور ساڑھیوں کے تحفے دیتے ہو سراج الحق کیلئے گجرات سٹیڈیم کے دروازے بند کیوں؟ ہمیں کہا گیا گجرات سٹیڈیم میں سکیورٹی کا مسئلہ ہے، حکمرانوں کے دروازے پاکستانیوں کیلئے بند اور جندال کیلئے کھلے ہیں، کشمیریوں کے قاتل مودی کو تحفے بھیجے جاتے ہیں وزیراعظم کے بیانات نظریہ پاکستان کے ساتھ بیوفائی ہیں۔ حکمرانوں کو نہیں پتہ پاکستان کا کیا مقصد ہے۔ وزیراعظم سیکولر اور لبرل کا مطلب نہیں جانتے ایسے بیانات قائداعظمؒ سے بیوفائی ہے جمہوریت کو چند لوگوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمرانوں نے قوم کو کرپشن، کمیشن خوری اور لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا ہے۔ حکمرانوں کے کتے گوشت اور گھوڑے مربے کھاتے ہیں جبکہ غریب کے بچے کوڑے کے ڈھیر سے کھانا کھاتے ہیں۔ مارشل لاء اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نہیں، آج قائداعظم زندہ ہوتے تو ایسے وزیراعظم کو اڈیالہ جیل بھیجتے۔ سراج الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات سے وزیراعظم نوازشریف اور اس کے خاندان کی کرپشن بے نقاب ہو جائے گی ، عدلیہ نے پانامہ کیس پر نوازشریف کا احتساب کیا تو قوم کی نظروں میں عدلیہ کا وقار مزید بڑھ جائے گا ، سٹیٹس کو کا مسلط کردہ موجودہ ظالمانہ نظام قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ بن چکا ہے ، نیوز لیکس پر حکومت کو چاہیے کہ وہ قوم کو اعتماد میں لے ، قومی اداروں کو پانامہ کیس پر جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے ، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، اس موقع پر ضلعی امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ و دیگر رہنما بھی موجود تھے ، سراج الحق نے کہا موجودہ حکمران قوم کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، کرپٹ حکمران کرپشن کیسز سے بچ نکلے تو قوم آئندہ انتخابات میں انہیں اپنے ووٹوں کی طاقت سے سمندر میں پھینک دے گی ، انہوں نے کہا ہماری جدوجہد اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہے ، ملک کے اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے تمام دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے ، حکمرانوں نے ملک و قوم کو اسلامی انقلاب سے دور کر دیا ہے ، سراج الحق نے کہا مسائل کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں ، قومی اداروں نیب ، ایف آئی اے نے عوام کو مایوس کیا ہے ، لٹیروں کی جگہ ایوان نہیں جیل ہے ، کرپٹ اشرافیہ پاکستان کی حفاظت نہیں کر سکتی ، ایوانوں میں بیٹھے معاشی دہشت گردی کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا پاکستان میں انتخابات میں اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں ، یہی وجہ ہے ملک میں کوئی غریب الیکشن نہیں لڑ سکتا ، انہوں نے کہا وزیراعظم کو فوری طور پر اپنے عہدہ سے مستعفی ہو جانا چاہیے ، کرپشن کا علاج صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔