• news

مستونگ گوادر واقعہ ورکنگ بائونڈری کشیدگی مستحکم کرنے کی بھارتی سازش ہے :خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر پانی وبجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے گوادر میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے معصوم اور نہتے مزدوروں کا خون بہانے کی اجازت کوئی مذہب نہیں دیتا۔ تسلسل کے ساتھ گزشتہ چند روز سے دہشت گردی کے جوواقعات ہو رہے ہیں وہ پاک چین کے سی پیک کے ذریعے جدوجہد کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی سربراہی میں چاروں وزراء اعلیٰ کا چین جانا خوش آئند بات ہے۔ قوم کو اور سیاسی جماعتوں کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ٹی وی پر رنگ برنگے شو اسلام کی اصل نمائندگی نہیں کرتے۔ ورکنگ باونڈری پر ٹینشن ہے۔ یہ تمام واقعات پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کیلئے کئے جارہے ہیںاوران واقعات میں افغانستان کی سر زمین اور افغان حکومتی عناصر بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ بھارت نے بے بنیادپراپیگنڈا کیا پاکستانی افواج نے اندر جا کر لاشیں مسخ کی ہیں حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور یہ بھارتی جھوٹ ہے ۔ ہماری افواج پروفیشنل ہے جس کی تابندہ روایات ہیں وہ ایسا نہیں کر سکتی۔ ہم اپنی سرحدوں کا دفاع ہر قیمت پر کریں گے۔ این این آئی + نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے کہا مستونگ کا واقعہ، گوادر میں مزدڈوروں کا خون اور ورکنگ بائونڈری پرکشیدگی یہ تمام واقعات بھارت کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے، بھارتی سازش کا مقابلہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن