• news

گوادر میں محنت کشوں پر حملہ خطہ کے امن کو خراب کرنیکی سازش: گورنر سندھ

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ محمد زبیر نے بلوچستان کے علاقہ گوادر میں محنت کشوں پر دہشت گرد حملہ میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور پاکستان کی خوشحالی کے خلاف سازش ہے جس میں پاکستان دشمن عناصر کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہو سکتے حکومت عوام کے تعاون سے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر رہے گی جبکہ پاک چین قیادت سی پیک منصوبہ کے خلاف دشمنوں کے عزائم سے بخوبی واقف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں معصوم محنت کشوں کا قتل خطہ کے امن کو خراب کرنے کے گھنانے منصوبہ کا حصہ ہے لیکن پاکستانی مسلح افواج خطہ کے امن کو خراب نہیں ہونے دے گی۔ گورنر سندھ نے دہشت گرد حملہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت ، درجات کی بلندی ، لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔ دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرسے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بندش پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ پر زور اور گرمی کے بڑھنے اور رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بجلی کی تسلسل سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک حکام سسٹم درست کرنے پر بھرپور توجہ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن