• news

ننکانہ: گوردوارہ گیان گودھڑی پر بھارتی قبضہ کیخلاف سکھوں کا احتجاج‘ یوم دعا

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بھارت میں سکھ مذہب کے مقدس مذہبی مقام گوردوارہ گیان گودھڑی صاحب پر بھارتی حکومت کے قبضہ کے خلاف دنیا بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی سکھ کمیونٹی نے یوم دعا منایا گیا اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ننکانہ صاحب میں سکھ برادری نے بھارت میں اپنے مقدس مذہبی مقام گورودوارہ گیان گودھڑی صاحب پر بھارتی حکومت کے قبضہ کے خلاف یوم دعا منایا اور بھر پور احتجاج کیا۔ اس سلسلہ میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبر سردار منندر سنگھ سمیت سکھ کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی نے متھا ٹیکی اور اکھنڈ پاٹھ سمیت اپنی مذہبی رسومات اداکیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا بھر کا سب سے بڑا سیکولر ملک ہونے کا دعویدار ہے مگر وہاں مسلمانوں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے اور اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں جسکی بڑی مثال گورودوارہ گیان گودھڑی صاحب پر بھارتی حکومت کا غاصبانہ قبضہ ہے۔ عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک اور مظالم کا فوری نوٹس لے اور گورودوارہ گیان گودھڑی صاحب کا قبضہ سکھوں کو واپس کرانے میں اہم کردار ادا کرے۔ دریں اثناء چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کی ہدایت پر ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل اور کئیر ٹیکر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ سید عتیق گیلانی نے حکو مت پاکستان کی طرف سے سکھ کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانیت کے ناطے گوردوارہ گیان گودھڑی صاحب سکھ کمیونٹی کے حوالے کر دیں تاکہ وہ وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ گوردوارہ کی سیو ا کار پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے حوالہ کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن