بھارت میں 350سال بعد پہلی بار مغل خیمے میں صفائی شروع
نئی دہلی (اے این این) بھارت میں 350سال بعد پہلی بار مغل خیمے میں صفائی شروع۔بھارتی ریاست راجستھان کا شاہی سرخ شامیانہ یا خیمہ کسی دو منزلہ بس سے کم بلند نہیں۔ ملیسا وان در کلگت کا کہنا ہے کہ یہ شامیانہ یا خیمہ ریشم، مخمل اور سونے کا بنا ہوا ہے اور اسے تین سو سال میں پہلی بار باقاعدہ طور پر صاف کیا جا رہا ہے۔راجستھان کے معروف مہران گڑھ قلعے میں ایک ٹیم اس شامیانے کی صفائی میں مشغول ہے۔ خیال رہے کہ یہ قلعہ انڈیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے قلعوں میں شامل ہے۔اس کا ہر حصہ اتنا بڑا ہے کہ اس کی صفائی کے لیے تین آدمی سفید لباس میں ٹیبل کرسی پر چڑھے نظر آتے ہیں۔ ان کی جیبوں میں مختلف قسم کے نرم اور ملائم برش ہیں۔ایک نے سخت طلائی دھاگوں میں بنے ایک بڑے کنول کے پھول کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا 'ہماری ترجیح یہ چیز ہے۔یہ کوئی معمولی خیمہ نہیں ہے۔ اس میں جہاں لوگوں کی بہت زیادہ دلچسپی ہے وہیں یہ تنازع کا باعث بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ کبھی مغل بادشاہ شاہ جہاں کا گھر ہوتا تھا جنھوں نے تاج محل کی تعمیر کروائی تھی۔