ایران: شدید زلزلہ، خاتون سمیت 2ہلاک ، 400زخمی ، سوات میں بھی جھٹکے
سوات( صباح نیوز+اے ایف پی +آئی این پی )سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے رکٹر سکیل پر شدت4.1ریکارڈ کی گئی زلزلے کی گہرائی233کلو میٹر جبکہ مرکز پاک افغان سرحدی علاقہ تھا ، ادھر ایران میں زلزلے سے تباہی ہوئی ہے۔شمالی مشرقی صوبے خراسان کے شمالی کے علاقوں میں ترکمانستان کی سرحد کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ مختلف علاقوں بالخصوص بجنورد ، مانہ اور سملقان میں جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ شدت 5.8ریکارڈ کی گئی ۔ 2افراد ہلاک اور 400زخمی ہو گئے جبکہ 40فیصد مکانوں کو نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ شعبہ ہنگامی حالات کے سر براہ تقی دولت آبادی نے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے 223کو امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 177 زیر علاج ہیں۔ تقی دولت آبادی نے کہا کہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت نازک ہے جھٹکے محسوس ہوتے رہے، مرنیوالوں میں 58سالہ خاتون اور لڑکی شامل ہے۔