• news

ملتان: آئل ٹینکر کی سکول وین کو ٹکر‘3 بھائیوں سمیت4 بچے‘ ڈرائیور جاں بحق

ملتان (کرائم رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں تیز رفتار آئل ٹینکر کی ٹکر سے سکول وین میں سوار 4 بچے جن میں 3سگے بھائی تھے اور وین کا ڈرائیور جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 5 کی حالت نازک ہے جبکہ آئل ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ممتاز آباد سے نجی سکول کی وین چھٹی کے بعد بچوں کو لیکر واپس مخدوم رشید جا رہی تھی کہ اچانک پل چھٹہ کے نزدیک تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہو کر سکول کی وین سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور 26سالہ ارسلان‘ 4بچے جن میں 3 بھائی بتائے گئے ہیں جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 10سالہ علیزہ، 13سالہ شاہ زیب اور 15 سالہ وقاص اور وین ڈرائیور ارسلان شامل ہیں حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کرین کے ذریعے ٹریلر کے نیچے پھنسی وین کو نکالا، وین کی باڈی کاٹ کر بچوں کو باہر نکالا اور ایمبولینسوں کے ذریعے فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق 5 بچوں کی حالت ہیڈ انجری کے باعث تشویشناک ہے۔ ادھر تھانہ مخدوم رشید کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کی، تاہم ٹریلر کے ڈرائیور کے حادثہ کی جگہ سے فرار ہونے پر علاقہ مکین اور لواحقین نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد پولیس نے موقف اختیار کیا گیا کہ جلد ہی ڈرائیور کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ اس افسوسناک حادثہ کی وجہ سے علاقے کی فضا سوگوار رہی، حادثے میں جاں بحق بچوں کے والدین بستے، کتابوں اور جوتوں کو دیکھ دیکھ کر روتے رہے۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے ملتان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، وزیراعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن