• news

داعش کا اسلام سے تعلق نہیں، یہ ہمارے دین پر دھبہ ہے: اردگان

بیجنگ /انقرہ (آئی این پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ ہمارے دین کے نام پر ایک دھبہ ہے، حلیف ممالک کو ایک دوسرے کی پالیسیوں کا احترام کرنے کی ضرورت ہے،ترکی ایسا واحد ملک ہے جس نے داعش کےخلاف جنگ میں بھرپور حصہ لیا ۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے چین میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلیف ممالک کو ایک دوسرے کی پالیسیوں کا احترام کرنے کی ضرورت ہے لیکن اگر کوئی ملک اتحاد کو ضرر پہنچانے کا قدم اٹھاتا ہے تو ہمیں اس بارے میں سوچنا پڑے گا۔
صدر اردگان نے اس بات کی تردید کی داعش کے خلاف جنگ میں ترکی نے سستی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا تو ہم داعش کے ٹھکانوں پر پے در پے حملے نہ کرکے اسے نقصان نہ پہنچاتے۔ بعض امریکی حلقوں نے اس بات کا چرچا کیا ہے مگر صورت حال اس کے بر عکس ہے اور ترکی ایسا واحد ملک ہے جس نے داعش کےخلاف جنگ میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ ہمارے دین کے نام پر ایک دھبہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن