پانامہ کیس: جے آئی ٹی نے وزیراعظم‘ حسین اور مریم نواز کے ٹی وی انٹرویوز‘ بیانات منگوا لئے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پانامہ کیس جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف، حسین نواز اور مریم نواز کے ٹی وی انٹرویوز اور بیانات منگوا لیے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو پانامہ سے متعلق بیانات کا متن بھی دینے کی ہدایت کردی ہے۔ سپریم کورٹ میں پانامہ عملدرآمد بنچ کی سماعت 22مئی کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق بیانات میں تضادات حکمران خاندان سے کیے جانے والے سوالات کا حصہ ہوں گے، ٹیکس دستاویزات پہلے ہی جے آئی ٹی کو جمع کرائی جا چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم حکمران خاندان کے بیانات اور دستاویزی ثبوتوں کا باہمی موازنہ بھی کرے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کیلئے سوالنامے بھی تیار کرنے پر غور کیا گیا۔ دریں اثنا سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 22 مئی کو پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔ جے آئی ٹی کو 20 مئی تک تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق اپنی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔ ادھر جے آئی ٹی نے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا نیب کے سابق افسروں سے بھی حدیبیہ پیپر ملز کیس کے حوالے سے رابطے کرلئے گئے ہیں۔پانامہ تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس میں اداروں کی فراہم کردہ دستاویزات کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم اور ان کے بچوں کیلئے سوالنامے کی تیاری پر بھی غور کیا گیا۔ جے آئی ٹی کے اجلاس میں الیکشن کمشن اور دیگر اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق فریقین کو رواں ہفتے نوٹسز جاری کیے جاسکتے ہیں۔