اختلافات اپنی جگہ ‘ ملک کی ترقی‘ خوشحالی پر سیاست نہیں ہونی چاہئے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں ایکسپورٹ، امپورٹ بینک آف چائنہ( ایگزم بینک )کے ہیڈ کوارٹر میں صدر ایگزم بینک آف چائنہ لیولیانگ سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا انتہائی اہم حصہ ہے اورون بیلٹ ون روڈ کے عظیم الشان منصوبے کے مثبت اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جائیں گے ،یہ منصوبہ چین کے ویژنری صدر شی جن پنگ کی سیاسی بصیرت اورمستقبل بینی کا آئینہ دار ہے جس سے کئی ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اورترقی ،خوشحالی اورامن کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا اورنج لائن میٹروٹرین پر تیزی سے کام کرنے کی بھر پور کوشش جاری ہے ۔ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے بعض مقامات پر تاخیر ہوئی لیکن عدالت سے اجازت ملتے ہی اس تاخیر کو پوراکرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان خصوصاً پنجاب میں چین کے تعاون سے لگنے والے منصوبوں کے معیار،شفافیت اور تیزرفتاری سے تکمیل کو یقینی بنایاگیا ہے ۔ساہیوال میں چین کے تعاون سے لگنے والے کول پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوارشروع ہوچکی ہے جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی دن رات کام جاری ہے اور میں منصوبوں پر پیشرفت کا ذاتی طور پر جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوںنے کہا چین کی جانب سے ملنے والی ایک ایک پائی کوامانت سمجھ کر استعمال کیا جارہا ہے اوریہی وجہ ہے کئی منصوبے آسمانوں کو چھو رہے ہیں ۔صدر ایگزم بینک آف چائنہ نے شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت معیار ،رفتار اور شفافیت کے اعتبار سے چین کے مالیاتی اداروںکے اعتماد پر پورا اتری ہے اورجس کام میں شہبازشریف ہوتے ہیںہمیں ہر لحاظ سے اطمینا ن اوراعتماد ہوتا ہے کیونکہ شہبازشریف وقت پر کام مکمل کرتے ہیں اور انہوںنے اپنے عمل سے یہ ثابت بھی کیا ہے۔ صدر ایگزم بینک نے وزیراعلیٰ پنجاب کو یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں بھی پنجاب کے ساتھ مالیاتی تعاون جاری رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے صدر ایگزم بینک کوپنجاب میںجاری ترقیاتی منصوبوںخصوصاً توانائی اورانفراسٹرکچر کے منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں تصاویر پر مشتمل البم پیش کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف اورصدرایگزم بینک کی موجودگی میں وزرات خزانہ،ریونیو، اقتصادی امور،شماریات ونجکاری،حکومت پاکستان اورایگزم بینک آف چائنہ کے مابین پاکستان ریموٹ سنسنگ سٹیلائٹ پراجیکٹ کے بارے میں حکومتی رعایتی قرضوں کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ شہبازشریف سے بیجنگ میں چائنہ ریلوے،نورینکو کے صدرکی قیادت میں وفدنے ملاقات کی جس میںاورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے نے ٹرانسپورٹ کے نئے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے اور اورنج لائن کے بعد پنجاب میں ایسی مزید لائنیں بنانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔انہوںنے کہا اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ عام آدمی کا منصوبہ ہے اوراس ضمن میں جو مشکلات پیش آئی ہیں، میں اسے ذاتی طورپر دور کراؤں گا۔شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی وزرات صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی، چینی وزرات صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفد کی قیادت ڈائریکٹرلومن کر رہے تھے،اس موقع پر صنعت اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین انتہائی فراخدلی سے اپنی غیر معمولی کامیابیوں کے تجربات پاکستان سے شیئر کررہا ہے اور چین کی یہ دریادلی دونوں ملکوں کی بے مثال دوستی کا عکاس ہے ،بلاشبہ چین کا معاشی تعاون قابل قدر ہے اوراس کیساتھ چین کے مشورے بھی بڑے مفید اورفائدہ مند ہیں۔انہوںنے کہا پاک چین تعلقات آج جس نہج پر پہنچ چکے ہیں، ماضی میںاس کی مثال نہیں ملتی،ڈائریکٹرلومن نے شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا توانائی اور انفراسٹرکچر کیساتھ صنعتی شعبے میں پاکستان سے تعاون ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں پاکستان خصوصاً پنجاب کیساتھ قریبی رابطے کے تحت تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کے توانائی کے معروف گروپ TBEAکے وفد نے ملاقات کی ،جس میں توانائی منصوبوںخصوصاً سولر پاور پراجیکٹس میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ چینی کمپنی نے پنجاب میں توانائی سیکٹر میں مزید سرمایہ کا ری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے کہا سرمایہ کاروں کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔چینی سرمایہ کار مزید آگے بڑھیں اور توانائی کے سیکٹر میں اور سرمایہ کاری کریں ۔ شہبازشریف بیجنگ میںچین کے معروف گروپ ہیوانینگ کے ہیڈ کوارٹر گئے اور ہیوانینگ گروپ کے چیئرمین کاؤپیکسی نے وزیراعلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا -وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پلانٹ پر تیزرفتاری سے کام کرنے پر چیئرمین ہیوانینگ گروپ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ شہبازشریف نے بیجنگ میں انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ (آئی سی بی سی) کے صدر گو شو سے ملاقات کی ،جس میں توانائی ،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔صدر آئی سی بی سی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ یہاں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہے او رہم پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ شہبازشریف نے بیجنگ میں ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکیون سے ملاقات کی۔ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے صدر نے چینی تعاون کے منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چین کے مالیاتی اداروں کا پاکستان میں کام کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے اورآئندہ بھی منصوبوں کیلئے وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی معروف پیکنگ یونیورسٹی کے بین الاقوامی ماہر معاشیات اورعالمی بینک کے سابق سینئر نائب صدر پروفیسر جسٹنگ یی فولن نے ملاقات کی -پروفیسر جسٹنگ یی فولن نے اس موقع پر کہا شہبازشریف نے پاکستان خصوصاً پنجاب کی ترقی کیلئے لیڈنگ کردار ادا کیا ہے ۔ شہبازشریف نے کہا پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے نئی جہت عطا کی ہے۔چین کی حیران کن ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔سی پیک کے باعث پاکستان میں ترقی کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔ سی پیک کے بے پناہ فوائد سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔بعض عناصر سی پیک کے عظیم تحفے سے پریشان ہیں۔یہ عناصر سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوںنے کہا سی پیک آگے بڑھے گا اور پاکستان ترقی کرے گا ، شہبازشریف نے بیجنگ میں پاکستان ایمبسی کالج میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا- وزیراعلی نے کمپیوٹر لیب کے افتتاح کے بعد پاکستان ایمبسی کالج بیجنگ میں چینی زبان سیکھنے کے لئے چین میں کورس کرنے والے طلبا وطالبات اور پاکستان ایمبسی کالج کے سٹوڈنٹس و فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ایمبسی کالج کے لئے تمام کمپیوٹرز حکومت پنجاب کی طرف سے دئیے گئے ہیں کیونکہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے او رآپ ان کمپیوٹرز کو اپنے بہترین مصرف میں لائیں، انہوں نے کہا سی پیک کے حوالے سے جو غلط فہمیاں پھیلا رہے تھے ،حقائق نے ان کو غلط ثابت کردیاہے-سی پیک سندھ، کے پی کے ، بلوچستان، پنجاب ، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کا منصوبہ ہے۔ بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلی نے شریک ہوکرپیغام دیاہے ہم سب پاکستان کی ترقی کیلئے متحدہیں،اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک کی ترقی اور خوشحالی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔