.بھارتی مظالم شرمناک، کشمیریوں کی آواز دبائی نہیں جاسکتی: ارون دھتی رائے
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ادیبہ، فلم ساز اور کالم نگار ارون دھتی رائے نے مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کو شرمناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا طاقت سے کشمیریوں کی جدوجہد دبائی نہیں جاسکتی۔ سرینگر کے دورے پر موجود ارون دھتی رائے نے ایک بیان میں کہا مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی تعداد سات لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ بھی کردی جائے لیکن بھارت اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔ وہ جو کچھ کہہ رہی ہیں یہی مؤقف کشمیریوں نے برسوں سے اختیار کررکھا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ایسی حکومت رحم کے قابل ہے جو اپنے مصنفین کو دل کی بات کہنے سے روکتی ہے، مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالتی ہے لیکن قتل عام کرنے والے، کرپٹ، خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے اور دوسرے مجرم آزاد گھوم رہے ہوتے ہیں۔