• news

فیصل آباد: فرنیچر دکان ملازمین کے تشدد سے پولیس اہلکار جاں بحق، ملزم فرار

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چھوٹی اناسی میں فرنیچر دکان ملازمین کے مبینہ تشدد سے تھانہ غلام محمد آباد کا پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا، ملزم فرار ہو گئے۔ پولیس نے اپنے ساتھی کی نعش قبضہ میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ رضا آباد کے علاقہ چھوٹی اناسی میں واقع جاوید فرنیچر شاپ پر دارالامان فیصل آباد کا فرنیچر بن رہا تھا جہاں دارالامان کی سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھانہ غلام محمد آباد کا پولیس اہلکار 55سالہ عبدالعزیز فرنیچر لینے گیا تو معمولی تکرار پر ہونے والے جھگڑے کے دوران دکاندار جاوید و اس کے تین ساتھیوں نے اسے پکڑ کر دکان میں بند کر کے مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جس پر ملزم نعش موقع پر ہی چھوڑ کر دکان کو تالے لگا کر فرار ہو گئے۔ راہگیروں کی اطلاع پر رضا آباد پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔ تھانہ رضا آباد کے مطابق پولیس ملازم کی موت تشدد سے ہوئی ہے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن