• news

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، ریلیف دلوائیں گے: خورشید شاہ

اسلام آباد(آن لائن)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر بنارس خان جددون اور جنرل سیکرٹری خالد جاوید سنگھیرا کی قیادت میں ان کے چیمبر پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ منگل کو ہونیوالی ملاقات میں وفد نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں تمام عبوری ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں سو فی صد اضافہ کیا جائے۔ ہاؤس رینٹ کی ادائیگی کے سکیلوں کی بجائے موجودہ نئے سکیلوں پر ساٹھ فی صد اضافے کے ساتھ دی جائے اور مرکز میں بھی صوبوں کیطرح کلیریکل پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔ وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ میڈیکل کی مد میں ہزار روپے ماہانہ اضافہ کیا جائے اور مارشل لا دور میں جو مراعات ختم کی گئیں تھیں انہیں بحال کیا جائے۔ کلرکس فاؤنڈیشن کے قیام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ قائد حزب اختلاف نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کلرکس اور دیگر کم مراعات یافتہ سرکاری طبقے کو ریلیف دلانے کیلئے قدم اٹھائیں گے اور ان کے تمام جائز مطالبات کو حکومت سے منوانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن