.ڈیری سیکٹر اور کیبل انڈسٹری کو ٹیکس زیرو ریٹ رجیم میں شامل کیا جائے‘ مجلس قائمہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے خزانہ نے سفارش کی ہے کہ ملک کے ڈیری سیکٹر اور کیبل انڈسٹری کو ٹیکس کے زیرو ریٹ میں شامل کر لیا جائے۔ مجلس قائمہ کا اجلاس چیئرمین قیصر احمد شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آڈیٹر جنرل کے فرائض اور اختیارات کے ترمیمی بل کی منظوری دی گئی اور قومی اسمبلی کو سفارش کی ہے کہ بل کو سٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق منظور کر لیا جائے۔ اجلاس میں ڈیری سیکٹر کے مسائل پر غور کیا گیا۔ جبکہ کیبل انڈسٹری کے ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ کمیٹی نے سفارش کی ان دونوں سیکٹرز کو ’زیرو ریٹ ٹیکس‘ رجیم میں شامل کر لیا جائے۔ کمیٹی نے یہ ہدایت کی کیبل انڈسٹری کی جانب سے جو تجاویز آئی ہیں وہ ایف بی آر کو غور کے لئے ارسال کر دی جائیں۔ اجلاس میں کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ کے نمائندوں نے ٹیکس تجاویز پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے تمام تجاویز کی حمایت کی اور ایف بی آر کو اس ہدایت کے ساتھ ارسال کر دیں کہ ان پر غور کیا جائے۔ اجلاس میں پاکستان پلاسٹک مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کی طرف سے سیکٹر کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا گیا۔ نیشنل بنک آف پاکستان کے صدر سعید احمد نے آگاہ کیا کہ بینک کے بورڈ کے اجلاس میں پنشنرز کے مسائل پر غور کر کے ان کو حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں نیب کے نمائندے نے نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ میں فراڈ کے معاملہ میں بتایا۔ نمائندے نے کہا کہ اس سلسلے میں ملزموں کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ اس معاملہ 7 ملزم ضمانت پر ہیں جبکہ 2 گرفتار ہیں۔