• news

افغانستان : داعش کا سرکاری ٹی وی پر خودکش حملہ‘ چار ملازمین‘ 2 پولیس اہلکار ہلاک‘18 زخمی‘ جھڑپ میں تین دہشت گرد مارے گئے

جلال آباد (صباح نیوز+ اے ایف پی+آئی این پی) افغانستان کے شہر جلال آباد میں سرکاری ریڈیو‘ ٹی وی سٹیشن پر داعش نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 4 ملازمین، 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔گورنر گلاب منگل کے مطابق بدھ کو 4 حملہ آور ”آر ٹی اے“ کی عمارت میں داخل ہوئے جن میں سے ایک نے گیٹ پر خود کو اڑا لیا جبکہ دیگر 3 حملہ آور فائرنگ کرتے بلڈنگ میں داخل ہو گئے جنہیں سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔ ٹیلی ویژن سٹیشن کے سربراہ سمیت 12 ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم کچھ لوگ محصور ہوکر رہ گئے۔ بچ نکلنے والے آر ٹی اے کے ایک فوٹو گرافر نے بتایا کہ اس کے بعض ساتھی عمارت کے اندر محصور ہیں۔ ادھر لغمان میں آپریشن کے دوران 15عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس کارروائی میں بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔ شمالی صوبہ بادغیس میں ایک جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار اور 4طالبان ہلاک ہوگئے۔ قندہار میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور15زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔وسطی صوبہ لوگر میں ایک جھڑپ میں 12طالبان ہلاک اور 15زخمی ہوگئے۔ ننگرہار میں تشدد کے ایک واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ علاوہ ازیںاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار سے ملاقات کی۔ افغان میڈیا کے مطابق یہ ملاقات کابل میں ہوئی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔سرکاری ٹی وی کی عمارت کے قریب گورنر کمپا¶نڈ، ایک پولیس سٹیشن بھی واقع ہے۔
ٹی وی سٹیشن / حملہ

ای پیپر-دی نیشن