\شیر درندہ ہے تو تیر سے کون سا کھانا کھایا جاتا ہے: رانا ثنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ءاللہ خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان جے آئی ٹی کے سامنے بھی سرخروہو گا- عالمی عدالت کے پاس بھارتی جاسوس کلبھوش کا کیس سننے کا اختیار نہیں تھا تاہم پاکستان حکومت عدالت کے فیصلہ کے مطابق اپنی آئندہ حکمت عملی طے کرے گی- عمران خان سپریم کورٹ کے ذریعے شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکالنا چاہتا تھا لیکن ان کی اپنی سیاست کا جنازہ نکل گیا اور تدفین جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ہو جائے گی - جے آئی ٹی کی کارروائی کو پبلک کرنا یا نہ کرنا حکومت کی صوابدید ہے - عمران خان یا اپوزیشن اسے پبلک کرانا چاہتے ہیں تو ترمیم لے آئیں- دھرنا سیاست نہ ہوتی تو بجلی کے پیداواری منصوبے تین چار سال پہلے شروع ہو سکتے تھے تا ہم دسمبر 2017 ءکے بعد نیشنل گرڈ میں پانچ سے چھ ہزار میگا واٹ مزید بجلی شامل ہو جائے گی جس سے شارٹ فال ختم ہو جائے گا 2018ءکے انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے ، انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں لیکن اپوزیشن سنجیدہ نہیں- فوج اور عدلیہ کے بغیر شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے - عمران خان نے ان اداروں کی جو تذلیل کی ہے اس پر معافی مانگیں -پنجاب اسمبلی کاآج سے شروع ہونے والا اجلاس دس روز تک جاری رہے گا -ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا- انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبہ میں قائم کی جانے والی تین نئی میڈیکل یونیورسٹیوں کے آرڈیننس بھی پیش کئے جائیں گے جن میں فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان کی یونیورسٹیاں شامل ہیں- اجلاس میں خواتین کے تحفظ اور شہر خاموشاں اتھارٹی بل بھی پاس کرنے کے لئے پیش کئے جائیں گے- جبکہ جون کے پہلے ہفتے میں یہ اجلاس بجٹ سیشن میں تبدیل ہو جائے گا- پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے اس بیان پر کہ شیر درندہ ہے اور سونامی سے بھی تباہی آتی ہے - انہوںنے کہا تیر کے ذریعے کونسا کھانا کھایا جاتا ہے- 2018ءکے انتخابات ترقی اور کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے، عوام فیصلہ کریں گے کس نے قوم کی خدمت کی اور کس نے انتشار اور افراتفری کی سیاست کو اپنا محور بنایا- وزیر اعظم نواز شریف اس وقت دنیا کے 68 ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں اور تین براعظموں کو ملانے اور انویسٹمنٹ لانے کی کوشش کررہے ہیں- انہوں نے کہا ضرب عضب اور ردالفساد کے نتیجہ میں ملک سے 90 فیصد دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا ہے - وزیرستان میں دہشت گردو ںکے ٹھکانے ختم کر دیئے گئے ہیں تا ہم ابھی سرحد پار دہشت گردوں کے کیمپ موجود ہیں جنہیں ختم کرنے کے لئے سفارتکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا بد قسمتی ہے عمران خان اور راولپنڈی کا شیطان اس حد تک بے حیا ہیں جب ایک پیشنگوئی پوری نہیں ہوتی تو شرمسار ہونے کی بجائے نئے پیشنگوئی کرنے لگتے ہیں- انہوںنے کہا میں نے کبھی فوج پر بطور ادارہ تنقید نہیں کی تا ہم ان جرنیلوں پر تنقید ضرور کی جنہوں نے فوج کے ادارہ کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا-
رانا ثنائ