• news

تربت میں فائرنگ‘ 3 سندھی مزدور شہید: ڈی جی خان فورسز سے جھڑپ‘ دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ+ تربت+ ڈی جی خان+ پشاور (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) تربت کے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے 3مزدوروں کو شہید کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تربت کے علاقے میں ہوشاب روڈ تعمیر کرنے والی کمپنی ایف ڈبلیو کے مزدورکیمپ سے بازار جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے 3مزدوروں غلام عباس ،ناد ل، طاہر کو شہید کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق سندھ کے علاقے خیر پور سے بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کے بعد لیویز اور فرنٹیئر کورنے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ملتان پولیس اور حساس اداروں نے شاہ رکن عالم کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ افراد گرفتار کرلئے۔ سرچ آپریشن شاہین آباد اور مومن آباد کے علاقے میں ہوا۔ 70 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ 49 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 100 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع خضدار اورکوہلو میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر لیویز کی کارروائیوں میں قتل اوردیگر مقدمات میں مطلوب 6 ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا۔ دوسری جانب ڈیرہ غازیخان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق خفیہ اطلاع پر بستی دلانہ کے قریب سرچ آپریشن شروع کیا گیا تو اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ دہشت گرد کی تلاش کے لئے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ فوری طور پر ہلاک دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے غنی رحمان کلے میں ایکسائز اہلکار کے گھر کے باہر تین دھماکوں کے نتیجے میں گھر اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق صبح سویرے غنی رحمان کلے میں ایکسائز اہلکارکے گھر کے باہر 2 دستی بم پھینکے گئے ۔ دھماکوں سے گھر اور قریب کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا تھا کہ ایک دھماکہ ٹائم ڈیوائس کا تھا۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے ستوری خیل اور بورا خیل کے پہاڑوں میں سرچ آپریشن کیا ۔ اس دوران نالے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود کو تخریبی کارروائیوں کے لئے استعمال کی غرض سے چھپایا گیا تھا۔صوابی سے نامہ نگار کے مطابق ضلع صوابی کی تھانہ گدون پولیس نے ایک کارروائی کے دوران تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر دہشت گردوں کے 3 اہم سہولت کار گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، 2 عدد پستول برآمد کر لی ہے۔ مزید برآں بنوں میں سابق سی ٹی ڈی پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کرنے کے بعد قتل کر کے لاش کو جانی خیل کے قریب پھینک دیا۔ پولیس نے مقتول اصغر کی لاش کو قبضے میں لے کر میریان پولیس سٹیشن منتقل کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن