• news

گردہ سکینڈل کے مزید2ملزم 4روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے گردہ سکینڈل میں گرفتار مزید دو آپریشن تھیٹر اسسٹنٹس کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے نے میو ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ ملزم نوید حمید اور جنرل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ محمد اطہر کو گرفتار کر کے پیش کیا، تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نوید حمید گردہ سکینڈل کے مرکزی ملزم ڈاکٹر فواد کے ساتھ غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری میں ملوث ہے اور ملزم ڈاکٹر فواد سے فی آپریشن دس ہزار روپے بھی وصول کرتا رہا ہے جبکہ ملزم محمد اطہر محمود ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر التمش کھرل اور ڈاکٹر فواد ممتاز کے ہمراہ پرائیویٹ سیٹ اپ میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرواتا ہے اور فی گردہ پیوند کاری تیس ہزار روپے وصول بھی کرتا رہا ہے، تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم اطہر محمود ایف آئی اے کے ای ایم ای سوسائٹی میں چھاپے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا جسے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ۔ عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد گردہ سکینڈل میں گرفتار مزید دو آپریشن تھیٹر اسسٹنٹس کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ۔
گردہ سکینڈل

ای پیپر-دی نیشن