بے تحاشا قرضوں نے داخلی معاملات میں غیرملکی مداخلت کے دروازے کھول دیئے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے بے تحاشا قرضے لیکر ملکی وقار رہن رکھ دیا اور غیر ملکی مداخلت کے دروازے کھول دیئے۔ وزیر اعظم آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اپنے خاندانی اثاثے پاکستان لانے کا اعلان کریں، جس ملک کا وزیر اعظم اپنے کھربوں روپے بیرون ملک رکھے اس ملک میں غیر ملکی سرمایہ کار اپنا پیسہ کیوں لائیں گے؟ کسان گندم پیدا کرکے اور نوجوان ڈگری حاصل کر کے بھی معاشی اعتبار سے بے حال اور بے روز گار ہیں۔ معیشت قرضوں کی ادائیگی اور کرپشن کے خاتمے سے مضبوط ہوگی، وہ گذشتہ روز سینئر راہنماﺅں سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جس ملک میں غریب مریض دوائی اور مزدور کا بچہ تعلیم کے لیے ترسے اس ملک کے وزیر اعظم کو ہر غیر ملکی دورہ پر 10ملین خرچ کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ بجٹ کاغذی کارروائی ہے اس کاغذی کارروائی کے ذریعے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو یقین دلایا جاتا ہے کہ ہم اپنے عوام کی کھال اتارنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔