کلبھوشن کیس: عالمی عدالت نے پروسیجرل حکم جاری کیا میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا، فیس سے متعلق پراپیگنڈا بھارت کر رہا ہے: خاور قریشی
دی ہیگ (نوائے وقت رپورٹ) عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس میں پاکستان کے وکیل خاور قریشی نے کہا ہے کہ عالمی عدالت نے ابھی کیس کے میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا عدالت نے ابھی صرف عبوری پروسیجر حکم جاری کیا ہے تاکہ مکمل سماعت ہو سکے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہم نے کیس کے میرٹ اور عدالتی دائرہ کار پر مضبوط دلائل پیش کئے بھارت نے عالمی عدالت انصاف کو گمراہ کیا جسے ہم نے ثابت کر دیا میرے خلاف پروپیگنڈے کے پیچھے بھارتی حکومت بھی ہو سکتی ہے۔ میڈیا تحمل کا مظاہرہ کرے اور غلط خبریں نہ پھیلائے میری فیس سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹ ہے جو سوشل میڈیا پر بھارت پھیلا رہا ہے۔ میری فیس بھارتی پراپیگنڈا کا 10 فیصد بھی نہیں۔ پاکستان کا کیس لینے کیلئے اپنی مصروفیات منسوخ کیں۔ میں نے گزشتہ جمعہ کو اپنے خرچ پر پاکستان کا ہنگامی سفر کیا۔ میں نے پاکستان سے 30 فیصد کم فیس لی۔ میں نے اپنے دو جونیئر سٹاف کی فیس خود ادا کی۔ خاور قریشی نے کہا کہ اطلاعات کو تحقیق کے بغیر آگے نہ بڑھایا جائے بدقسمتی سے سیاستدان سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے اجتناب نہیں کر سکتے حتیٰ کہ سیاستدان بھارتی جھوٹ پھیلانے کیلئے ایسا کرنے کو تیار ہیں افسوس ایسی صورتحال میں کسی کو بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں کلبھوشن کیس میں میرٹ پر فیصلہ آنا باقی ہے یقین ہے کہ یہ کیس ہم ہی جیتیں گے عالمی عدالت زیادہ سے زیادہ فیصلے پر نظرثانی کا کہہ سکتی ہے بھارتی درخواست کا مقصد وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں۔
خاور قریشی