”خواشاں“ پاکستان سے چینی زبان میں شائع ہونیوالا پہلا اخبار‘ قارئین 60 ہزار
اسلام آباد(صباح نیوز+ بی بی سی)”خوا شاں“پاکستان سے چینی زبان میں شائع ہونے والا پہلا اخبار ہے۔ اخبار کے مطابق اسکی اشاعت پانچ ہزار ہے اور اسکے قارئین کی تعداد 60 ہزار ہے۔ ہفتہ وار اخبار کا دفتر اسلام آباد میں دو سال سے کام کر رہا ہے اور رواں ہفتے اس کا 21 واں ایڈیشن شائع ہوا ہے۔اخبار کی چیف ایڈیٹر چینی نژاد رما ہیں جبکہ عملے میں چینی اور پاکستانی افراد دونوں شامل ہیں۔”خواشاں“ کے دفتر میں موجود ہوں تو ایسا نہیں لگتا کہ اسلام آباد کے مصروف کاروباری علاقے میں واقع عمارت میں ہوں بلکہ کان پڑی آوازیں،دیواروں پر آویزاں تصاویر اورچینی روایتی قہوے کے لوازمات سبھی بیجنگ کے ماحول کے عکاس لگتے ہیں۔چینی زبان میں ”خوا“ کا مطلب ہے پھول اور ”شاں“کا معنی ہے کاروبار۔ اس طرح لفظی معنی ہوا پھول کاروبار لیکن لغوی معنی ہے خالص کاروبار۔ اخبار کی چیف ایڈیٹر رما کہتی ہیں کہ اخبار پاکستان اور چین میں کاروبار کے حوالے سے خاص طور پر کام کرتا ہے۔ اسکے علاوہ اس کی ادارتی پالیسی میں دونوں ملکوں کی ثقافت، سیاحت اور تفریح سے متعلق خبروں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔اخبار چینی زبان کے ساتھ انگریزی میں بھی شائع ہوتا ہے۔ ادارے کے مطابق اس کے صارفین میں پاکستان میں چینی سفارت خانے کا عملہ، چینی کمپنیوں میں کام کرنے والا سٹاف بھی شامل ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ہفتہ وار اخبار کو روزنامے کے صورت دینا چاہے گا۔ ان کی نظر میں پاکستان میں چینی زبان کی صحافت کا مستقبل روشن ہے۔اخبار سے منسلک سینئر عہدیدار ارسلان رضا نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں چار لاکھ چینی افراد موجود ہیں جبکہ صرف اسلام آباد میں ان کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہے۔
چینی زبان/ اخبار