ہمارا مقامی حکومتوں کا نظام دنیا کے بہترین گورنس سسٹمز میں سے ایک ہے: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمار ا مقامی حکومتوں کا نظام دُنیا کے بہترین گورننس سسٹمز میں سے ایک ہے ۔ ہم نے مقامی حکومتوں کو مکمل اختیارات اور وسائل دیئے ہیں بعض معاملات میں مکمل خود مختاری دی تاکہ وہ فیصلہ سازی خود کرسکیں۔ انہوںنے اس بات پرتاسف کا اظہار کیا کہ بعض ضلعی ناظمین اور نمائندوں کو ابھی تک اپنے اختیارات کا علم نہیں جس کو مفاد پرست پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں ۔ہم نے قانونی طور پر اختیارات دیئے ہیں جن کو سمجھنے کی ضرورت ہے ان کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ ہونا چاہیئے ۔ منتخب نمائندے اختیارات کی منتقلی کی روح کو سمجھیں ۔ سٹیسس کو کی قوتوں نے نظام میں پنجے گاڑھ رکھے ہیں، اپنے اختیارات سے شناسائی حاصل کریں ۔ وہ ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاو رمیں ملاکنڈ ڈویژن کے ضلعی ناظمین کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔صوبائی وزیر برائے کھیل وثقافت محمود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس ملک کا المیہ رہا ہے کہ با اختیار لوگ اختیارات اپنے ہاتھوں سے جانے نہیں دیتے اگر ان سے کوئی اختیار لے لیا جائے تو آسمان سر پر اُٹھا لیتے ہیں یہاں اختیارات کی منتقلی کا کلچر ہی نہیں تھا ۔
تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اختیارا ت کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کیا ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی مسائل ، تکالیف اور رکاوٹیں نچلی سطح پر ہوتی ہیں جن کا حل بھی مقامی سطح پر ہی ہونا چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امیر کو تو کبھی کوئی فکر نہیں رہی سٹیٹس کو کی قوتوںنے نظام میں اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے سٹیٹس کو کی شدید مذاحمت کے باوجود بلدیاتی حکومت کا ایک قابل عمل اور بااختیار نظام متعارف کرایا ۔ قانون سازی کے ذریعے اختیارات اور ذمہ داریوں کا تعین کیا ۔نظام میں شفافیت لائے اور بہترین طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی ۔ ہم ضلعی حکومتوں کو اب تک 50 ارب روپے دے چکے ہیںاور یہ رقم صوبے کے ترقیاتی فنڈز سے دی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے صوبے کے ترقیاتی اور مالیاتی امور پر بوجھ بڑھا مگر ہم اس مشکل سے گھبرائے نہیں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو اپنے وسائل خود بھی پیدا کرنے چاہیں مالاکنڈ میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کرنا چاہئے تاکہ ہمارے پاس مکمل ریکارڈ ہو اور اس کا صیحح استعمال یقینی ہوسکے۔
پرویز خٹک