چین،امریکہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے قریبی رابطہ رکھنے پراتفاق
بیجنگ (آئی این پی ) چینی حکومت چین امریکہ سفارتی تعلقات اور سلامتی کے مذاکرات کے آئندہ ہونیوالے پہلے دور کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے امریکہ کے ساتھ قریبی رابطہ جاری رکھے گی جبکہ امریکہ بھی ان مذاکرات کی تیاریوں اوران کے مثبت اثرات حاصل کرنے کے لئے چین کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار چین کے سٹیٹ کونسلر یانگ جی چی اور امریکہ کےوزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے درمیان ہونیوالی ٹیلیفونک بات چیت میں کیا گیا ہے۔چین کے سٹیٹ کونسلر یانگ جی چی نے کہا ہے کہ چین امریکہ سفارتی اور سلامتی مذاکرات کے پہلے دور کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے چین امریکہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے گا ،تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جبکہ صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فلوریڈا میں ملاقات ہوئی ہے۔
چین امریکہ تعلقات اتفاق رائے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ان میں اہم مثبت پیشترفت ہوئی ہے ۔یانگ نے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ اعلیٰ سطح افسران کے درمیان رابطے جاری رکھیں اور دونوں ملکوں کے درمیان 100دن کے منصوبے برائے معاشی تعاون میں جو فیصلے ہوئے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ، یانگ اور ٹلرسن نے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور کورین جزائر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔