• news

مقبوضہ کشمیر: یوم شہدا پر ہڑتال‘ مظاہرے:4 نوجوان شہید‘ جھڑپ میں4 بھارتی فوجی ہلاک

سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی+کے پی آئی+اے این این)مقبوضہ کشمیر میںمجاہدین کے ساتھ جھڑپ کے دوران 4بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ قابض فوج نے 4کشمیریوں کو شہید کردیا، سرینگر میںکٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنمائوں کو میرواعظ فاروق کی برسی کے حوالے سے احتجاجی ریلی میں شرکت سے روکنے کیلئے انکے گھروں میں نظربند کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 4 نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے نوگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے نوجوانوں کو جھڑپ کے دوران مارا گیا اس میں 4 بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوگئے جبکہ بھارتی حکام کے مطابق 4 سے 5 مسلح افراد کی تلاش کیلئے جنگل میں آپریشن بدستور جاری ہے۔ کے پی آئی/اے این این کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اتوار کو یوم شہدا کے سلسلے میں مکمل ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا، اس دوران کئی مقامات پر بھارت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے طاقت کا استعمال کر کے عیدگاہ چلو پروگرام ناکام بنا دیا۔ مشترکہ حریت قیادت علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے شہید ملت میرواعظ مولانا فاروق ، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون ، شہدائے حول اور جملہ شہدائے کشمیر کو ان کی عظیم قربانیوں پر بھرپورخراج عقیدت اداکرنے کیلئے اتوار کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی تھی۔ میر واعظ مولوی فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کی برسیوں پر سرینگر کے پائین شہر کے تین پولیس تھانوں نوہٹہ، ایم آر گنج اور صفا کدل کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کی گئیں۔ ادھر طلبا کے نہ تھمنے والے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری رہا جس دوران ہائر سیکنڈری پلوامہ کے طلبا اور پولیس و فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ جس سے متعدد طلبا زخمی ہو گئے جب کہ 4 کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے انڈیا ٹوڈے نیوز چینل کی جانب سے سٹنگ آپریشن میںکشمیری علیحدگی پسندوں کی جانب سے وادی کشمیر میں تخریبی سرگرمیوں کی انجام دہی کیلئے پاکستان سے مبینہ طور پر رقومات حاصل کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ این آئی اے نے علی گیلانی، نعیم خان، فاروق ڈار عرف بٹہ کراٹے اور غازی جاوید بابا کے خلاف باضابطہ طور پر مقدمات درج کرلئے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم اس سلسلے میںسرینگر پہنچی اور آتے ہی مذکورہ ٹیم نے ایجنسی کے پاس دستیاب دستاویزات اور مواد کی جانچ پڑتال کے بعد اپنی تحقیقات کا آغاز کیا۔سرینگر میں ایک فورسز اہلکار 4 رائفلیں لے کر فرار ہو گیا۔ اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 21مئی 1990کو ممتاز آزادی پسند رہنما میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید کے جنازے کے جلوں پر قابض بھارتی فورسز کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کے واقعہ کو اگر چہ27برس گزر چکے تاہم یہ سانحہ ابھی بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن