شہباز شریف کے کام کرنے کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے: مریم اورنگزیب
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا 2017 کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے چار سالہ دور میں ہر شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے باشعور عوام الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئینہ دکھا چکے ہیں اور منفی سیاست کرنے والے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں صرف خدمت کی سیاست ہو گی اور خدمت، دیانت اور محنت کی سیاست 2018 میں بھی کامیاب رہے گی اور عوام آ ئندہ الیکشن میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیراعلیٰ کی کارکردگی اور ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا آپ کی انتھک محنت اور شاندار ویژن کو پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی سراہا جاتا ہے اور آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کے غیر معمولی انداز اور رفتار کی مثال ہر جگہ دی جاتی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کامیاب دورہ چین پر بھی وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی۔