• news

پارلیمانی کمیٹی نے لاہور ہائیکورٹ میں 6 اضافی ججوں کے تقرر کی توثیق کردی

اسلام آباد (اے پی پی) اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی نے جوڈیشل کمشن آف پاکستان کی سفارشات پر لاہور ہائی کورٹ میں 6 اضافی ججز کی تقرری کی توثیق کردی ہے، جوڈیشل کمشن آف پاکستان نے 5مئی 2017ء کو منعقد ہ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں 6 ججز صاحبان کی تقرری کی سفارش کی تھی۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ تاہم کمیٹی نے کمیشن کی جانب سے جسٹس ارم سجاد گل کی توثیق نہ کرنے کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ کیا وجوہات ہیں جن کی وجہ سے کمشن نے ارم سجاد گل کی تقرری کی سفارش نہیں کی۔ کمشن کے ارکان نے جوڈیشل کمشن پر زور دیاکہ وہ اس معاملے پر نظر ثانی کرے۔ کمیٹی نے جوڈیشل کمشن آف پاکستان کی سفارشات پر جسٹس شاہد مبین، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی، جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی لاہور ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل ججز تقرری کی توثیق کی۔ اجلاس کی صدارت چوہدری محمود بشیر ورک نے کی جبکہ سینیٹر راجہ ظفر الحق، سینیٹر جاوید عباسی، نوید قمر، رکن قومی اسمبلی ارشد لغاری اور سیکرٹری سینٹ نے اجلاس میں شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن